پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ آج سے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سجے گا 

 
0
256

افتتاحی میچ میں دفاعی چمپئن پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی،ایونٹ کا فائنل 25مارچ کو کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا
دبئی فروری 21(ٹی این ایس) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ آج ( جمعرات ) سے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سجے گا اور دفاعی چمپئن پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل تھری میں چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کا بے تابی سے انتظار ہے جس کے لئے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج برو ز جمعرات سے اکھاڑہ سجے گا۔پی ایس ایل تھری میں 6 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، اس ایونٹ میں ملتان سلطانز پہلی مرتبہ حصہ لے رہی ہے اور اپنا افتتاحی میچ پشاور زلمی کے خلاف ہی کھیلے گی۔ایونٹ میں شامل دیگر ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹیڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز شامل ہیں۔ایونٹ کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوگا جس میں پاکستانی ثقافت کے رنگوں کو اجاگر کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ملک کے معروف گلوکار علی ظفر، شہزاد رائے اور عابدہ پروین سمیت دیگر پرفارم کریں گے ۔جس کے بعد پاکستانی وقت کے مطابق رات 10بجے پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 23فروری کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جبکہ لاہور قلندرز کا ٹاکرا اسی روز ملتان سلطانز سے ہوگا ۔اس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹیڈ اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 24فروری کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31میچز دبئی اور شارجہ جب کہ تین میچز کا انعقاد پاکستان میں ہوگا، تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے دو، دو مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ کا فائنل 25مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ 2پلے آف میچز لاہور میں ہوں گے۔پی سی بی نے تیسرے ایڈیشن کو کرپشن سے پاک رکھنے کے لیے بھی کئی اقدامات کیے ہیں، ٹیموں کا ہوٹل بدل دیا گیا ہے، ہر ٹیم اور اس کی مینجمنٹ کے لیے ایک فلور مخصوص ہوگا جبکہ فرنچائزز کے مالکان کا دوسرے ہوٹلز میں قیام ہوگا۔ساتھ ہی انٹیگریٹی آفیسرز 24 گھنٹے کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کریں گے جبکہ کھلاڑیوں تک عوام کی رسائی کم سے کم رکھی جائے گی۔فلورز کی خفیہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی جبکہ معمول کے اینٹی کرپشن لیکچرز جاری رہیں گے اور کھلاڑیوں کو بکیز کی تصاویر بھی دکھائی جائیں گی۔