ملکی برآمدات میں کمی زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی کا باعث ہے ‘شہباز اسلم

 
0
403

xلاہور فروری 21(ٹی این ایس) تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری مد میں ادائیگیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بعد زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 19ارب ڈالر ز کی سطح سے بھی گرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی ہورہی ہے جو ملکی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین مسئلہ ہے،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی کے باعث ملکی برآمدات مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاؤنڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر کی سطح19ارب 18 کروڑ ڈالر ز کی سطح سے گر کر18ارب96کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئی ہے مرکزی بینک کے ذخائر بھی22کروڑ67لاکھ ڈالرز کی کمی سے13ارب ڈالر کی سطح سے گھٹ کر12ارب 83کروڑ39لاکھ ڈالرز ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتیں پاکستان کی نسبت انتہائی کم ہیں جس کے باعث ان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات کمی کا شکار ہیں برآمدات میں اضافہ کیلئے تجارتی پالیسی میں مختص فنڈز کو استعمال کرکے بیرون ملک نئی منڈیاں اور پاکستانی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوسکے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔