چیرمین نیب نے وفاقی وزیرریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس کے خلاف انکوائری کاحکم دے دیا

 
0
563

اسلام آباد،فروری 23 (ٹی این ایس): چیرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے وفاقی وزیرریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس کے خلاف انکوائری کاحکم دے دیا ہے،دونوں پراپنے خاندان کے افراد کوغیرملکی دورے کروانے کابھی الزام ہے،نیب نے رکن بلوچستان اسمبلی انیتہ عرفان کے خلاف بھی جانچ پڑتال کی ہدایت کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب کی زیرصدارت آج اہم اجلاس ہوا۔

جس میں کرپشن کے خلاف جاری تحقیقات اوراحتساب عدالت میں دائر ریفرنسز میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پرچیئرمین نیب نے پاکستان اسپورٹس بورڈمیں مبینہ بدعنوانی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیرکھیل ریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔وفاقی وزیرریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس اخترگخیراکیخلاف مختلف منصوبوں میں گزشتہ چارسالوں میں بدعنوانی کی شکایات موصول ہوئیں۔

کرپشن کی شکایات کھیلوں کی فیڈریشن اور مالی گرانٹ سے متعلق ہیں۔دونوں پراپنے خاندان کے افراد کوغیرملکی دورے کروانے کابھی الزام ہے۔اسی طرح نیب نے رکن بلوچستان اسمبلی انیتہ عرفان کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔انیتی عرفان کے خلاف کرپشن کی شکایات پرجانچ پڑتال کی جائیں گی۔انیتی پرکرسچن ویلفیئرہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹ غیرمستحق افراد کودینے کاالزام ہے۔