رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کر دی ‘ چیئرمین پی سی سی 

 
0
507

لاہور ,فروری 25(ٹی این ایس);چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے ، اوپن مارکیٹوں میں تمام اشیائے خوردونوش خصوصاً پھلوں اور سبزیوں کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط میکنزم بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز صارفین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گراں فروشی کو کنٹرول کرنے کے لئے نظام میں اصلاحات کا فریم ورک تیار کیا جارہا ہے جسے انشااللہ رمضان المبارک سے قبل نافذ کیا جائے گا ۔ نئے نظام کے تحت بہت سے اقدامات تجویز کئے جائیں گے جس کا مقصد عوام کو معیاری اشیاء کی سرکاری نرخوں کے مطابق فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپو رکوشش ہو گی کہ رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف ملے جس کے لئے ان کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ میاں عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں تمام انتظامیہ کو فعال اور متحرک کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں مختلف مارکیٹوں میں اچانک چھاپوں کی تعداد کو کئی گنا بڑھایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جلد اجلاسوں کا سلسلہ شروع ہو گا جس میں آئندہ کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔