حریت فوم کا اجلاس‘بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی پر اظہار تشویش 

 
0
349

سرینگر فروری 27(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی یگزکیٹو و جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا ایک غیر معمولی اجلاس فورم کے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاگیا کہ دونو ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی اورمحاذ آرائی کا ماحول کسی بھی لحاظ سے خطے کے مفاد میں نہیں ہے ۔ اجلاس میں سرحدی کشیدگی کے باعث بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے زیاں پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ سرحدی کشیدگی کے باعث کنٹرول لائن کے دونوں اطراف ہزاروں افرادکومجبورا نقل مکانی کرنا پڑی ہے ۔ اجلاس میں دونوں ہمسایہ ممالک خاص طورپر بھارت پر زوردیاگیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے جو کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے ۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرکے طول وعرض میں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری ظلم و تشدد، گرفتاریوں ، قتل عام ،
حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گھروں اور جیلوں میں نظربندی سمیت انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کو دھونس دباؤ اور فوجی طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بھارتی حکمرانوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو ظلم و جبر سے نہیں بلکہ مسئلے کے تینوں فریقوں بھارت ، پاکستان اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت پر مشتمل بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں حریت فورم کی اکائیوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی ، تحریکی اور تنظیمی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پربھی تفصیلی غور و خوض کیا گیااورموجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر حریت قائدین کی صفوں میں اتحاد و اتفاق پر زوردیاگیا ۔