مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ فروری میں15کشمیریوں کو شہیدکیا

 
0
317

سرینگر مارچ 1(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ فروری میں 1کم عمر لڑکے اور ایک لڑکی سمیت 15 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ان میں سے ایک نوجوان کو دوران حراست شہید کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ان شہادتوں کی وجہ سے 2خواتین بیوہ اور11بچے یتیم ہوئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز نے پرامن مظاہرین کے خلاف گولیوں،پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 57افراد کو زخمی اور حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 179 شہریوں کو گرفتارکیا۔بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ 16رہائشی مکانوں کو بھی تباہ کیا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع بانڈی پورہ میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔ فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے حاجن میں شکر دین کے مقام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ بھارتی پولیس کے ایک افسر نے دعوی ٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان ایک عسکریت پسند تھا اور وہ فوج کے ساتھ جھڑپ میں مارا گیا۔علاقے کے لوگوں نے فوجی آپریشن اور نوجوان کے قتل کیخلاف سڑکوں پر آکر زبردست احتجاج شروع کر دیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھیں۔ادھر نامعلوم مسلح افراد نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں ایک 30سالہ شخص اعجاز احمد شاہ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔