فاروق ستار پر میرے کئی احسانات ہیں، مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں،سینیٹر فروغ نسیم

 
0
312

کراچی مارچ 7 (ٹی این ایس)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ فاروق ستار پر میرے کئی احسانات ہیں، مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، میں نے تو ان کو امریکی صدر بننے کا بھی مشورہ دیا تھا، عامر خان یا خواجہ اظہار کو نکالنے کیلئے کبھی نہیں کہا۔ایک انٹرویومیں بیرسٹر فروغ نسیم نے فاروق ستار کے الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار کی بات میں وزن نہیں ہے، ان کے پاس اب کچھ ہے نہیں، جوالزامات وہ لگارہے ہیں میں نے ان کو اس کے برعکس مشورے دیئے۔انہوں نے کہا کہ فاروق ستار گزشتہ11سال سے میرے دفتر آرہے ہیں، وکیل اور ڈاکٹر اپنے کلائنٹ کے نوٹس لکھتا ہے ، اب ان ہی سے ان سے پوچھا جائے ان کے پاس میرے نوٹس کیسے آئے؟ وہ نوٹس کہیں فاروق ستار چوری چھپے اٹھا کرتو نہیں لے گئے؟۔انہوں نے کہا کہ خواجہ اظہار چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں،ان کو ہٹانے کی بات کیسے کروں گا، عامرخان اور خواجہ اظہار کو پارٹی سے نکال کر کامران ٹیسوری کو چیمپئن بنانے سے مجھے کیا فائدہ ہوگا؟ فاروق ستارکو چھوڑ کرجو بھی لوگ مجھے جانتے ہیں ان سے میرا کردار کے بارے میں پوچھ لیں۔فروغ نسیم نے کہاکہ فاروق ستار اور کامران ٹیسوری کو کہا تھا کہ میں سینٹ کا امیدوارنہیں ہوں لیکن ان دونوں نے ضد کی کہ فروغ نسیم ہی سینٹ کے امیدوارہوں گے،
بہادر آباد والوں نے بحالت مجبوری کہا تھا کہ فروغ نسیم اور کامران ٹیسوری کو ڈراپ کردیں، لیکن فاروق ستار نہیں مانے۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر فروغ نسیم نے کہا کہ فاروق ستار پر میرے کئی احسانات ہیں، اے ٹی سی کے40کیسز اور فاروق ستارسمیت 3لوگوں کو سپریم کورٹ میں معافی میں نے دلوائی تھی، حضرت علی کا یہ قول کبھی غلط نہیں ہوسکتا کہ جس پراحسان کرو اس کے شر سے ڈرو۔پارٹی آئین میں ترمیم سے متعلق انہوں نے کہاکہ فاروق ستار مجھ سے مسلسل یہ شکایت کررہے تھے کہ عامرخان پارٹی نہیں چلانے دے رہے، وہ آئین میں ترمیم کے لئے میرے پاس آئے، میں نے فاروق ستارکے کہنے پر پارٹی آئین کے3سے4ڈرافٹ تیار کیے۔بعد ازاں رابطہ کمیٹی کے شور مچانے پر فاروق ستار نے آئین میں تبدیلی کا ملبہ مجھ پر ڈالنے کی کوشش کی، جس پر میں نے رابطہ کمیٹی کو وضاحت دی کہ ڈرافٹ فاروق ستار کے کہنے پر بنائے، رابطہ کمیٹی کو یقین دلایا کہ ڈرافٹ ان کے سامنے رکھوں گا، فاروق ستار کو ویٹو پاور ملنے سے میرا کیا فائدہ ہے؟۔