احسن اقبال اور  مریم اورنگزیب کی رائیونڈ دھماکے کی شدید مذمت،کہا دہشتگرد اپنی ان مذموم کاروائیوں سے حکومت اور عوام پاکستان کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے

 
0
780

اسلام آباد، مارچ 15 (ٹی این ایس): وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال اور  وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں انھوں نے کہا ہے کہ بیرونی اشاروں پر کام کرنے والے دہشتگرد اپنی ان مذموم کاروائیوں سے حکومت اور عوام پاکستان کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے۔

وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال  نے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنےوالے ادارے ہر وقت ملک و عوام کی حفاظت کے لئے تیار ہیں  اور یہ بزدلانہ کاروائیاں ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشتگرد دھرتی کے بیٹوں کو نشانہ بناکر قوم کے عزم اور جذبے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں،پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

وزیر مملکت نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔