پی ایس ایل تھری پلے آف مرحلہ، پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے رضا مند

 
0
580

لاہور، مارچ 18 (ٹی این ایس): پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے لئے غیرملکیوں کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھرلی۔ پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کیلئے رضا مند ہیں۔

مورگن کے سوا کراچی کنگز کے بھی تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔ اسلام آباد یونائٹڈ کے جے پی ڈومنی ، رونکی اور پٹیل بھی پاکستان آنے کو تیار ہیں مگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ان کی ٹیم کے کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل تھری کے لاہور میں میچز کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ، خاص مہمانوں کی آمد پرخاص تیاریاں بھی کی جاری ہیں۔ قذافی سٹیڈیم میں صفائی کا عملہ سٹیڈیم کو چمکانے میں مصروف ہے، قذافی سٹیڈیم میں نصب سکیورٹی کیمروں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔ خراب کیمروں کی جگہ نئے کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں۔

سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے غیر متعلقہ افراد کا داخلہ قذافی سٹیڈیم میں مکمل بند کر دیا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ مین گراؤنڈ میں گھاس کی سطح ہموار کرنے میں مصروف ہیں۔ کیوریٹرز نے دو میچز کیلئے وکٹوں کی تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے۔ دی گرینڈ لاؤنج کو پہلی بار کھولا جا ئے گا، گرینڈ لاؤنج کی صفائی پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ تماشائیوں کو سٹیڈیم میں سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی خاص اہتمام کیا جا رہا ہے۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر اسلام آباد پہلے، کراچی کنگز دوسرے، پشاور زلمی تیسرے اور کوئٹہ چوتھے نمبر پر موجود ہے لیکن اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایک بار پھر پہلے پلے آف میچ میں آمنے سامنے آئیں گی۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 2 پلے آف لاہور جبکہ فائنل کراچی میں کھیلا جائیگا۔