کابل میں کار بم دھماکہ، کم ازکم 2 شہری ہلاک اور کئی زخمی

 
0
466

کابل ، مارچ 18 (ٹی این ایس): افغانستان کی حکومت کی جانب سے امن مذاکرات کی دعوت کے باوجود طالبان کی جانب سے دارالحکومت کابل میں کئے گئے کار بم حملے میں کم ازکم 2 شہری ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ کابل میں ہونے والے کاربم حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ طالبان نے کیا ہے جس کا مقصد عالمی سیکیورٹی کمپنی جی فور ایس کو نشانہ بنانا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جنرل کے دورہ افغانستان کے بعد کابل میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران یہ چوتھا حملہ ہے تاہم شہر کی حفاظت کرنا ہمارا اہم مقصد ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کو 16 سالہ جنگ کو ختم کرکے امن مذاکرات کی دعوت دی تھی تاہم طالبان کی جانب سے اس پیش کش کا کوئی باقاعدہ جواب نہیں دیا گیا لیکن کاربم حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا تھا کہ ‘حملہ صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب کابل کی پولیس ڈسٹرکٹ نائن میں کار کے ذریعے کیا گیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا جب شہری اپنے دفاتر کو جارہے تھے جس کے نتیجے میں 2 شہری ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوگئے۔