صومالیہ میں امریکی جاسوس طیارے کا میزائل حملہ ،الشباب کے دوجنگجوہلاک

 
0
348

واشنگٹن,, مارچ 22(ٹی این ایس) :صومالیہ میں امریکی فضائی کارروائی کے دوران الشباب کے دو شدت پسند ہلاک جب کہ تین زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکہ افریقہ کمان (افریکام) نے بتائی ۔ جاری ہونے والے ایک بیان میں افریکام نے کہا کہ یہ حملہ مبارک نامی قصبے کے قریب ہوا، جو دارالحکومت موغادیشو کے جنوب مغرب میں واقع ایک چھوٹا زرعی قصبہ ہے۔ صومالیہ میں کیے جانے والے زیادہ تر فضائی حملے اس خطے میں کیے جاتے ہیں۔افریکام نے اْن افراد کی شناخت نہیں بتائی جنھیں ہدف بنایا گیا۔ لیکن بتایا کہ یہ کارروائی صومالیہ کی وفاقی حکومت سے رابطے میں رہ کر کی گئی۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک گاڑی بھی تباہ ہوئی۔امریکہ کی جانب سے اس سال صومالیہ میں کی جانے والی یہ چھٹی فضائی کارروائی تھی۔ اب تک کْل 17 شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔حالیہ دِنوں امریکی فضائی حملوں میں الشباب کے نچلی سطح کے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جو اہم شہروں، جیسا کہ موغادیشو کی جانب ہتھیاروں کی اسمگلنگ، بم حملوں اور گاڑی میں نصب بم حملوں میں ملوث رہے ہیں۔افریکام کے مطابق، اس سال پہلا فضائی حملہ دو جنوری کو کیا گیا جس میں الشباب کی جانب سے کار میں نصب کردہ بموں کو تباہ کیا گیا۔