آئیےآج ہم ایک بار پھر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم تر ملک بنائیں گے: صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم پاکستان پر قوم کے نام پیغام

 
0
600

اسلام آباد، 23 مارچ (ٹی این ایس): اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے  پیغام میں  قام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ  ستر سال پہلے آج ہی کے روز ہمارے بزرگوں نے تاریخی قراردادِ لاہور منظور کرکے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح اور عظیم مقصد کے لیے متحد کیا۔انھوں نے کہا کہ یہ دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری، ہم ا ٓہنگی اور برداشت پروان چڑھے کیونکہ ان کے بغیر موجودہ چیلنجوں سے نمٹنا انتہائی مشکل ہوگا۔

ایوان صدر سے  اب سے کچھ دیر پہلے جاری کئے گئے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ 23 مار چ کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس پر مسرت موقع پر میں پوری قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس روز ہمارے بزرگوں نے تاریخی قراردادِ لاہور منظور کی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح اور عظیم مقصد کے لیے متحد کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ، مصّورِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ اور تحریک ا ٓزادی کے دیگر قائدین کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے پختہ عزم اور بے مثال قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار کی۔یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں ا ٓیا اور اب اس کی ترقی اور استحکام کا راز بھی جمہوریت ہی میں پوشیدہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ جمہوری روایات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں رواداری، ہم ا ٓہنگی اور برداشت پروان چڑھے کیونکہ ان کے بغیر موجودہ چیلنجوں سے نمٹنا انتہائی مشکل ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ہونے والی دہشت گردی اور جنگ و جدل نے اس پورے خطے بشمول پاکستان کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پوری قوم نے یک جان ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں امن و امان بحال ہو چکاہے اور معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس کا واضح ثبوت ہیں۔

صدر پاکستان نے قوم سے مخاطب ہوکر کہا کہ آئیے آج ہم ایک بار پھر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم تر ملک بنائیں گے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی خلوصِ نیت سے خدمت کرنے کا جذبہ عطا کرے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔