اسحا ق ڈار کیخلاف نیب ریفرنس:ملزم منصور رضا کے وارنٹ گرفتاری جاری

 
0
414

اسلام آباد،03اپریل(ٹی این ایس):اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمنی ریفرنس کے شریک ملزمان پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی، ملزم منصور رضا کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جبکہ انکے وکیل جاوید اکبر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، ضمنی ریفرنس میں ملزم نمبر چار منصور رضا رضوی کے وکیل جاوید اکبر شاہ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ انہیں التواء چاہئیے، فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ آرام سے بات کریں، اپنا وکالت نامہ دیں، جس پر جاوید اکبر شاہ نے جج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا مجھے گولی ماردیں گے؟۔عدالت نے ملزم منصور رضا رضوی کی طلبی کے لیے تین بار آواز لگوائی، عدم پیشی پر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جبکہ عدالت میں غلط رویئے سے بات کرنے پر صدر ہائیکورٹ بارجاوید اکبرشاہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ مقدمے کی مزید سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید اکبر کا کہنا تھا کہ عزیز کی وفات کے باعث کارروائی موخر کرنے کی استدعا کی جسے مسترد کر دیا گیا۔ فاضل جج نے وقت سے پہلے عدالت لگائی، جج کی اجازت سے موکل کے ساتھ مشاورت کیلئے باہر نکلا، غیر موجودگی میں سماعت ملتوی اور موکل کے وارنٹ جاری کئے گئے۔