یمن کی جیلوں میں حوثی جلادوں کا مغویوں پر وحشیانہ تشدد، کئی محروسین مفلوج

 
0
316

صنعاء،04اپریل(ٹی این ایس): انسانی حقوق کے اداروں نے کہاہے کہ یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی طرف سے گرفتار کیے گئے شہریوں پر تشدد کے بدترین حربے استعمال کرتے ہوئے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ حوثی ملیشیا زیرحراست شہریوں پر وحشیانہ تشدد کی مرتکب ہے اور اس کے جلاد مغویوں پر اتنا تشدد کرتے ہیں کہ وہ اپاہج اور مفلوج ہو رہے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں حوثیوں کے ہاتھوں اٹھا کر غایب کردیے گئے شہریوں کی ماؤں پر مشتمل اتحاد نے ایک بتایا کہ دوران حراست تشدد کے باعث دسیوں شہری جسمانی طور پرمفلوج کردیے ہیں، ان میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو جسمانی طورپر کسی قسم کی حرکت کے قابل نہیں رہے ہیں۔بیان میں بتایا گیا کہ مغوی شہری عبدالعزیز الحکمی کے اہل خانہ ان سے ملنے جیل میں گئے تو اہل خانہ یہ دیکھ کر چونک گئے کہ انہیں وہیل چیئر پر رکھا گیا ہے۔یمن میں مغویوں کے اہل خانہ نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، بالخصوص ریڈ کراس، ہیومن رائٹس واچ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشن برائے انسانی حقوق سمیت تمام زندہ ضمیر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حوثیوں کے ہاتھوں اغواء کیے گئے شہریوں کی بازیابی اور انہیں ہولناک تشدد سے نجات دلانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حوثیوں کی جیلوں میں قید افراد کو فوری طورپر قانونی اور سیاسی طورپر معاونت کی ضرورت ہے تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔مغویوں کی ماؤں نے جبری گم شدگی کیسز میں شہریوں پر تشدد کے مرتکب عناصر کو نہتے شہریوں کو تشدد کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔