آسیہ اندرابی کی طرف سے جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم

 
0
314

سرینگر،04اپریل(ٹی این ایس): مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہاہے کہ پاکستان کی طرف سے 6 اپریل بروز جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کافیصلہ کشمیریوں کیلئے باعث اطمینان ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ امر کشمیریوں کیلئے تسلی بخش ہے کہ 6 اپریل کو پاکستان نے یوم کشمیر منانے کا اعلان کیا جس کا مقصدبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیرمیں 18 نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کو ایک قومی مسئلہ قراردیتے ہوئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اس دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے عالمی سطح پر مذید کوششیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور کشمیری 70 برس سے بھارت کے جبری تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت مکر و فریب کا سہارا لیکر عالمی برادری کو کشمیر اور کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کے بارے میں گمراہ کررہا ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بارے میں پاکستان کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو رہی ہیں۔ادھر کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمردہ حبیب کی قیادت میں پریس کالونی سرینگرمیں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ’’ سرکاری دہشت گردی بند کرو، معصوموں کا قتل عام بند کرو‘ ‘جیسے نعرے بلند کئے ۔اس موقعہ پر زمردہ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید خودکار او رمہلک ہتھیاروں سے لیس بھارتی فوج مسلسل نہتے کشمیریوں کے قتل عام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک دن اور ایک رات میں بھارتی فوج نے شوپیاں اور اسلام آباد کے اضلاع میں 18بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور 200سے زائد کو زخمی کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے خونین واقعات اقوام عالم کیلئے چشم کشاہ ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ دنیا دیکھ سکے کہ نہتے کشمیری عوام کو بھارتی افواج کس طرح تہہ وتیغ کرر ہے ہیں۔زمردہ حبیب نے قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے ۔