مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت کے بل پر حل نہیں کیا جاسکتا‘میرواعظ فورم

 
0
615

سرینگر،04اپریل(ٹی این ایس): مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ایک موثر کردار ادا کرے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل Antonio Guterres نے اگر چہ فلسطین سمیت اورکشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں تنازعات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاہم عالمی ادارے کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے موثر اقدامات کرے۔ ترجمان نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کی وجہ سے اس وقت عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اگر یہ مسائل حل کر لیے جاتے ہیں تو کروڑوں لوگوں کا سیاسی مستقبل محفوظ ہونے کی ضمانت فراہم ہو سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت بے گناہ شہریوں کے قتل سے کشمیریوں کو حق و انصاف پر مبنی موقف سے ہرگز دستبردار نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ طاقت اور تشدد سے مسئلہ کشمیر کو حل کر لے گا تو یہ اُس کی شدید غلط فہمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک تاریخی حقیقت ہے جسے فوجی طاقت کے بل پر ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔ ترجمان نے میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق، سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، مختار احمد وازہ اور دیگر حریت رہنماؤں کی گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بندی کی شدید مذمت کی۔