پاکستانی اداکارہ زارا نور کا تنقید کرنے والی ماڈلز کو قرارا جواب

 
0
1115

کراچی،13اپریل(ٹی این ایس):پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس ویسے تو ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے پہنچانی جاتی ہیں، تاہم موقع ملنے پر وہ ریمپ پر ماڈلنگ کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹتی۔اور یہی وجہ ہے کہ اداکارہ نے حال ہی میں جاری ایف این کے ایشیاء فیشن ویک پاکستان کے ریمپ پر واک کی، جس دوران وہ نہایت پرجوش نظر آئیں۔یہ پہلی بار نہیں تھا جب اداکارہ نے کسی ریمپ پر واک کی ہو، لیکن پہلی مرتبہ انہیں ریمپ پر نوٹس کیا گیا جس کی وجہ ان کا نہایت پرجوش انداز تھا۔جہاں لوگوں نے ان کے اس انداز کو پسند کیا، وہیں کئی افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا، اور تنقید کرنے والوں میں پاکستان کی چند ماڈلز بھی شامل تھیں۔ان ماڈلز نے زارا نور عباس کے ریمپ پر چلنے کے انداز کا مذاق ایک ویڈیو کے ذریعے بنایا جو سوشل میڈیا پر وائرل تو ہوئی جبکہ بعدازاں اداکارہ زارا نے بھی اسے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔اس ویڈیو کو شیئر کرنے کے ساتھ زارا نے خود کا مذاق اڑانے والی ماڈلز کو جواب تو دیا، لیکن اپنے جواب میں انہوں نے کسی کا نہ تو مذاق اڑایا اور نہ ہی کسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔زارا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ خواتین دوسری خواتین کو آگے نہیں بڑھاتی، وہ اس طرح دوسری خواتین کا مذاق اڑاتی ہیں، ان تمام افراد کے لیے یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں، وہ یہ نہیں جانتے کہ خواتین خود ہی دوسری خواتین کو آگے نہیں بڑھنے دینا چاہتی‘۔ریمپ پر اپنے انداز کا حوالہ دیتے ہوئے زارا نے لکھا کہ ’میں ایک اداکارہ ہوں، میں ماڈل نہیں ہوں، میں سوچ بھی نہیں سکتی ایک ماڈل بننا، یہ کوئی آسان کام نہیں، لیکن ایک فنکار ہونے کی حیثیت سے میرا کام ناظرین کو محظوظ کرنا۔زارا نے یہ بھی واضح کیا کہ جس کلیکشن کی نمائش کے لیے وہ ریمپ پر موجود تھیں اس کا نام ’جنگجو شہزادی‘ رکھا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ریمپ پر اس انداز میں واک کی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپنے شو میں تھوڑا ڈرامہ شامل کرنے کے لیے ہی ڈیزائنرز اداکاروں کو شو اسٹاپر کے طور پر منتخب کرتے ہیں، پھر چند کو یہ پسند آتا ہے اور کچھ اسے پسند نہیں کرتے۔انہوں نے اپنی بات کے آخر میں اگلے شو کی کامیابی کی امید ظاہر کی، جبکہ لڑکیوں کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔زارا کی پوسٹ کے بعد انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی افراد نے ان کے سپورٹ میں آواز اٹھائی جن میں ان کے شوہر اسد صدیقی، ساتھی اداکارائیں قبریٰ خان اور سونیا میشال شامل ہیں۔