ایون فیلڈ ریفرنس: ڈی جی نیب ظاہرشاہ کونیا گواہ بنانیکی درخواست

 
0
342

اسلام آباداپریل 20(ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکررہے ہیں۔عدالت میں سماعت کےآغاز پرنیب پراسیکیوٹر نے درخواست کی کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ڈی جی آپریشنزنیب ظاہرشاہ کونیا گواہ بنانا چاہتے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی نے مختلف ممالک سے دستاویزات کے لیے خطوط لکھے تھے، جےآئی ٹی کے بعد نیب نے خطوط کی پیروی کی۔نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے احتساب عدالت کو بتایا کہ ڈی جی آپریشنزظاہرشاہ نے برطانیہ سے دستاویزات وصول کیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کوفلیگ شپ اورایون فیلڈ سے متعلق دستاویزات ملی ہیں، دستاویزات لندن رجسٹری ریکارڈ، یوٹیلٹی بلز اور کونسل ٹیکس کی ہیں، دستاویزات جےآئی ٹی کے ایم ایل ایزکے جواب میں ملی ہیں۔سردارمظفرنے کہا کہ نیب نے جے آئی ٹی کی طرف سے لکھے گئے ایم ایل ایزکی پیروی کی، نیب نے یوکیسینٹرل اتھارٹی کوخط لکھا جس کا جواب موصول ہوا۔نیب پراسیکیوٹرکی جانب سے اضافی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے پردلائل مکمل ہوگئے۔احتساب عدالت میں نوازشریف اورمریم نواز کی 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے جس پرمریم نواز کے وکیل دلائل دیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وکلاء میری حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کریں گے جس کے بعد اجازت ملی تو لندن میں قیام بڑھادوں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ امی سے 5 مہینے بعد ملی وہ بہت کمزورہوگئی ہیں، اللہ تعالیٰ میری امی کوصحت یاب کرے اورتمام ماؤں کواچھی صحت دے۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر مریم نوازکے وکیل امجد پرویز نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پرجرح مکمل کی تھی۔