اسلام آباد کے تمام اختیارات ایم سی آئی کو دینے ، 450 بیڈز پر مشتمل نیا ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے،اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کوفائنل کر دیا گیاہے،وفاقی وزیر اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو

 
0
111

اسلام آباد 03 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تمام اختیارات ایم سی آئی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، دیہی اور شہری علاقوں کا فرق ختم کرنے کیلئے قانون سازی کر رہے ہیں،اسلام آباد میں 450 بیڈز پر مشتمل ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروزیر اعظم کے معاون خصوصی سی ڈی اے امور علی نواز اعوان اور خرم نواز بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر کام کرے گی،‏اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو سیکٹرز کی طرز پر لایا جائے گا۔

اسدعمر نے کہاکہ آئی جے پی روڈ کو چار رویہ بنانے جارہے ہیں، آئی جے پرنسپل روڈ کی تعمیر نو کا ترقیاتی کام ہو رہا ہے۔وفاقی وزیراسدعمر نے کہاکہ ‏پولی کلینک ہسپتال کی ایکسٹینشن کرنے جا رہے ہیں، پولی کلینک کا 200 بیڈز پر مشتمل حصہ جی الیون میں بنے گا۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد شہر جب بسایا گیا تو سی ڈی اے ایکٹ کے تحت لینڈ ایکوائر کی پاور دی گئی،1961 میں تو لینڈ ایکوائر کی بات سمجھ آتی تھی اب نہیں ،اس قانون کی بنیاد پر عام شہری سے زمین لیکر طاقتور طبقے میں تقسیم کی جاتی رہی جس میں سیاست دان، سول سرونٹ، صحافی شامل ہیں۔

اسدعمر نے کہا کہ کابینہ نے سی ڈی اے ایکٹ میں تبدیلی کی منظوری دی ہے، سیکشن فور لگا کر اب کوئی لینڈ ایکوائر نہیں کر سکے گا،جہاں ایکوزیشن ہو چکی اور بلڈ اپ کی پے منٹ نہیں ہوسکی ان کواب مارکیٹ ویلیو کے مطِابق پے منٹ کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ دو نہیں ایک اسلام آباد منشور ہے،ایک سیکٹروالااسلام آباد اور ایک دوسرا دیہی اسلام آباد ہے، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تفریق ختم کرنے جا رہے ہیں سنگل ریگولیٹری رجیم میں جا رہے ہیں،اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کوفائنل کر دیا ہے۔

اسدعمر نے کہا کہ سارے اختیارات ایم سی آئی کے پاس جائیں گے اور سی ڈی اے ریگولیٹر کا کردار ادا کریگا،انتظامی، سیاسی اور مالی طور پر خود مختار لوکل گورنمنٹ بنائیں گے،دیہی نان سیکٹورل علاقے اسلام آباد کے پچاس فیصد بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ڈیڑھ ارب کی انوسمنٹ ہوچکی مزید ٹینڈر ایوارڈ ہورہے،دیہی علاقوں کی گلیاں سڑکیں، واٹر فلٹریشن پلانٹ پر کام ہورہاہے۔اسدعمر نے کہاکہ10 ایونیو آئی جے پی روڈ سے سری نگر ہائی وے تک بنارہے ہیں،10 ایونیو آئی نائن سے ہو کر سری نگر ہائی وے تک آئیگا۔

اس موقع پروزیر اعظم کے معاون خصوصی سی ڈی اے امورعلی نواز اعوان نے کہاکہ آئی جے پی روڈ کو دو سے چار رویہ کرنے جارہے ہیں، این ایل سی آئی جے پی روڈ پر کام کر رہا ہے،اگلے سال اکتوبر تک آئی جے پی روڈ منصوبہ مکمل ہو جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں کوئی فوڈ سیفٹی اتھارٹی نہیں،ہم جوائنٹ سیشن میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل لیکرجائیں گے اور پہلی اتھارٹی بنائیں گے، ہم اسلام آباد آئی 11 میں سلاٹر ہاؤس بنائیں گے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ 2 ایم ڈی جی پانی روزانہ اسلام آباد کو راول ڈیم سے جاتا ہے،اسلام آباد میں زمینی پانی کی ریچارجنگ کریں گے۔رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے کہاکہ گریڈ 4 سے 15 تک کی جابز میں 50 فیصد کوٹہ اب اسلام آباد کے رہائشیوں کو ملے گا۔

اسلام آباد میں تاجر قانون کرایہ داری اسمبلی سے پاس کرایا، اس پر اب اتھارٹی بن رہی ہے ،یہ اتھارٹی مالکان اور تاجروں میں مسائل کے تدارک کیلئے کردار ادا کریگی۔

انہوں نے کہاکہ 2009 سے 2019 تک اسلام آباد میں پولیس کی کوئی بھرتی نہیں ہو سکی،2019 میں 1150 لوگوں کو پولیس میں بھرتی کیا، 1565 نئے پولیس ملازمین کی ریکروٹمنٹ ہو رہی ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو مزید محفوِظ بنا سکیں۔