حکومت کی معاشی حکمت عملی کا بنیادی محور ملک کی برآمدات بڑھانا، تجارتی خسارہ کم کرنا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کرنا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انٹرپرینیورز آرگنائزیشن کے وفد سے گفتگو

 
0
130

اسلام آباد 03 نومبر 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی کا بنیادی محور ملک کی برآمدات بڑھانا، تجارتی خسارہ کم کرنا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کرنا ہے، حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں کاروبار کرنے میں آسانی کے انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی 108 سے 136 تک پہنچ گئی ہے، کاروباری شعبے کو عالمی سوچ اپنانے اور منڈیوں میں بدلتے ہوئے رجحانات سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انٹرپرینیورز آرگنائزیشن (ای او ) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری خصوصی افراد اور خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے کیلئے ملازمتیں دیں اورکاروباری صلاحیتیں بڑھائیں، خصوصی افراد کو عمارتوں اور کام کی جگہوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کاروباری برادری ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ملکی برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں فعال کردار ادا کرے ۔ انٹرپرینیورز آرگنائزیشن کے وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کاروباری اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو سراہا۔

وفد کے اراکین نے کہا کہ انٹرپرینیورز آرگنائزیشن ملک کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے وفد کو ان کے مسائل اور شکایات متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔