وزیراعظم عمران خان کا وفاقی اداروں میں سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سہولت کارافسران کے تقرر اور خصوصی سیکشن و ڈیسک قائم کرنے کا حکم ، تمام ڈویژنز کو 21 روز میں کارروائی مکمل کر کےرپورٹ دینے کی ہدایت

 
0
147

اسلام آباد 03 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اداروں میں سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سہولت کارافسران کے تقرر اور خصوصی سیکشن و ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بدھ کو وزیراعظم ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اور بڑا اقدام کیا ہے ،وزیر اعظم نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کا حکم دیاہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ 39وفاقی ڈویژنز میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت کار افسر مقرر کیے جائیں ، وزیراعظم نے13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے متعلقہ وزارتوں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سہولت کار افسران گریڈ 19سے کم کے نہیں ہوں گے اور وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کر یں گی ۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کیاجائے اور وفاقی ادارے سہولت کی فراہمی سے متعلق آگاہی کے لیے وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانیز اوراطلاعات کو معلومات فراہم کریں، اس اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں درپیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔

وزیراعظم آفس نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنز 21 روز میں کارروائی مکمل کر کےرپورٹ دیں،اس اقدام سے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خدمات کی فراہمی اور دیگرامور سے متعلق آگاہی میں معاونت میسر ہو گی ۔ وزارت خارجہ،اوورسیز پاکستانی اوراطلاعات و نشریات اپنے طور پر بھی سہولت کی آگاہی دیں گی۔