ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے نوجوان کاروباری افراد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی انٹرپرینوئرز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

 
0
110

اسلام آباد 03 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو بہتر اور مستحکم بنانے کیلئے نوجوان کاروباری افراد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات انہوں نے اقتصادی سفارت کاری اقدام اور پاکستان کے اقتصادی ترجیحات ایجنڈے کے تناظر میں ، انٹرپرینیور آرگنائزیشن، لاہور چیپٹر سے منسلک، نوجوان کاروباری افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ان سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔

پاکستان کے چند سرکردہ نوجوان سی ای اوز پر مشتمل وفد کی قیادت محسن خواجہ کر رہے تھے۔انٹرپرینیور آرگنائزیشن کا لاہور چیپٹر، معروف کاروباری گروپوں کے 70 ممبران پر مشتمل ہے جو لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں پاکستان کی صنعتوں کے ایک بڑے حصے کی نمائندگی کرتا ہے۔”

ایف ایم کنیکٹ” اقدام کے تحت ہونے والی اس ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نوجوان کاروباری افراد کو پاکستان کے “اقتصادی سفارت کاری وژن” کے خدوخال سے آگاہ کیا اور وزارتِ خارجہ کی جانب سے اقتصادی سفارت کاری کے حوالے سے اب تک اٹھائے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر اور مستحکم بنانے کیلئے نوجوان کاروباری حضرات کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وفد کے اراکین نے اقتصادی سفارت کاری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔