کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان میں لاالہ الااللہ کی سیاست کا راج چلے گا، سیف اللہ خالد

 
0
465

مردان،اپریل 22(ٹی این ایس):ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان میں لاالہ الااللہ کی سیاست کا راج چلے گا۔سیاست کے نظام کی اصلاح کرنے کے لئے ہم میدان میں آئے ہیں۔اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہونا یا سیٹوں کو جیتنا ہمارا ہدف نہیں۔ملی مسلم لیگ وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کرے گی اور ہم ملک کو آئی ایم ایف،ورلڈ بینک کی غلامی سے نکالیں گے۔لوٹ مار ،کرپشن اورمفادات کی سیاست کرنے والوں کو اپنا انداز بدلنا پڑے گا۔اب پاکستان میں نظریہ پاکستان اور خدمت کی سیاست کرنے والے ہی کامیاب ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان پریس کلب میں نظریہ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرملی مسلم لیگ خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدرحاجی لیاقت علی خان،پاکستان زندہ باد موومنٹ مردان کے صدر ماجد خان،اپوزیشن لیڈر درگئی عامرسہیل خان،حاجی محمد اقبال نے بھی خطاب کیا۔کنونشن میں شہر بھر سے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ ہماری تہذیب،کلچر،نصاب تعلیم،نظام تعلیم،معیشت ،سیاست، خاندانی،معاشرتی ڈھانچے پر پاکستان کے دشمن حملہ آور ہیں۔ہم بڑے ہی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ان حالات میں بچ نکلنے کی ایک ہی شکل ہے اور وہ اسوہ محمدی ﷺ پر عمل ہے۔آج جو حالات ہیں یہی حالات مدینہ طیبہ کے چودہ سو سال قبل تھے۔دشمنوں نے مدینہ کی ریاست کو چاروں طرف سے گھیر رکھا تھا ۔اسوقت نبی کریم ﷺ نے مدینہ کو محفوظ کرنے کے لئے جو راستہ اختیار کیا ہمیں اسی پر چلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ میدان میں آئی ہے۔یہ سیاسی پارٹیوں میں ایک پارٹی کا اضافہ نہیں۔

پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا اس میں کلمہ کی سیاست کا راج چلے گا۔غیر ملکی مفادات کی سیاست وطن عزیز میںنہیں چلنے دیں گے۔مشرق و مغرب سے پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔خون کا آخری قطرہ بہا دیں اور نظریہ پاکستان اور اس کی بنیاد پر وجود میں آنے والے وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز حالت جنگ میں ہے۔ان حالات میںقومیں غافل نہیں ہوا کرتیں۔ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمنوںکی سازشیں ناکام بنائیں گے۔اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہونا یا سیٹوں کو جیتنا ہمارا ہدف نہیں۔ہم سیاست کی اصلاح کرنے آئے ہیں اور سیاست کرنےو الوں کی اصلاح کریں گے۔پاکستانیوں سے ووٹ بھی لیں اور دشمنوں سے دوستیاں بھی کریں اب یہ انداز پاکستان میں نہیں چلیں گے۔سازشوں،دہشت گردی،تخریب کاری کا خاتمہ کرنا ہے۔دنیا ہمیں جانتی ہے ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ بن کر کھڑے ہوئے ہیں۔ہم نے عزم کیا ہے کہ اس وقت تک آزاد پاکستان نہیںبنا سکتے جب تک ملک کو غلامی سے نہیں نکال سکتے۔دولت کی بنیاد پر حکمرانوں ،حزب اقتدارو اختلاف کوخریدا جاتا ہے۔باقاعدہ بولیاں لگ رہی ہیں۔دولت کی بنیاد پر خریداری کر کے سودی قرضے دے کر قوم کو غلام بنا دیا گیا ہے۔ملی مسلم لیگ بائیس کروڑ عوام کی مدد سے پاکستان کوآئی ایم ایف،ورلڈ بینک کی غلامی سے نکالے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔حکمران آج بھکاری بنے ہوئے ہیں۔جس کی وجہ سے پاکستان کا تشخص مجروح ہو رہا ہے۔اللہ نے پاکستان کو عظیم نعمتیں دی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ لوٹ مار،کرپشن کو روکا جائے۔ملک میں تعمیر و ترقی کی جائے۔غربت کا خاتمہ ہمارا ہدف ہے۔