شہر میں بجلی کا بحران: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کراچی پہنچ گئے

 
0
448

کراچی اپریل 23(ٹی این ایس): شہر قائد میں بجلی بحران کے حل کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج کراچی میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔یاد رہے کہ 21 اپریل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے مسائل پر غور کے لیے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا خصوصی اجلاس پیر 23 اپریل کو کراچی میں طلب کیا تھا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کےمطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کراچی پہنچ گئے جہاں وہ ائیرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر کامرس کالج کے گراؤنڈ میں اترے، وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے گی، اجلاس میں کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس سے بھی بجلی کے بحران کے حوالے سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، کے الیکٹرک کے سی ای او طیب ترین، ایس ایس جی کے ایم ڈی امین راجپوت، سیکرٹری فنانس صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر مظہر الناصر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جو دو روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گرمی بڑھتے ہی ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کے شہریوں کو بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر صنعتوں پر پڑا ہے۔اس سے قبل شہر کے صنعتکاروں نے بجلی فراہم نہ ہونے پر انڈسٹریز کو تالا لگانے کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ایک طرف میئر کراچی وسیم اختر کو اختیارات نہ ملنے کا شکوہ ہے، تو دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بجلی بحران کے معاملے پر وفاق پر کافی گرم نظر آتے ہیں۔

گذشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ وفاق کے پاس اگر بجلی بحران حل کرنے کی صلاحیتیں نہیں تو وہ اس کا اختیار سندھ حکومت کو دے دے۔وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر اجلاس ہورہے ہیں لیکن کراچی کا کسی کو خیال نہیں آرہا، حتیٰ کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے مشیر خزانہ بھی کچھ نہیں کررہے۔وزیراعلیٰ سندھ کے اس بیان پر وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مراد علی شاہ پہلے اپنے صوبے کی پولیس کی مدد سے حیدرآباد اور سکھر ڈویژن کے عوام کو بجلی چوری کرنے والوں کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا عوام کے مسئلے کا حل نکالیں، پھر وزیراعظم سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کا شوق پورا کریں۔