وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا ,چاروں وزرائے اعلیٰ کو دعوت نامے جاری, آئندہ 5 سال کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی

 
0
407

اسلام آباداپریل 24(ٹی این ایس): وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا جس آئندہ 5 سال کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ذرئع کے مطابق اجلاس میں شرکت کےلیے چاروں وزرائے اعلیٰ کو دعوت نامے جاری کردئیے گئے ہیں۔قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی وصوبائی بجٹ کے امور پر غور ہوگا، اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈا بھی زیر غور آئے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ پنج سالہ منصوبہ 2018۔2023 بھی منظوری کے لیے پیش کیاجائےگا، اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پلان 2017/18 پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائےگا جب کہ آئندہ سال کے مجوزہ سالانہ پلان 2018/19 کی منظوری پر غور کیاجائےگا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈیولیپمنٹ پروگرام 2017/18 پر عمل درآمد پر بریفنگ دی جائے گی، پبلک سیکٹر ڈیولیپمنٹ پروگرام 2018/19 منظوری کے لیے پیش کیا جائےگا، سی ڈی ڈبلیو پی اور ایکنک کی یکم اپریل تک کی ایک سال کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بھی آج ہوگا جس میں وزرائے اعلیٰ اور وزراء شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تجاویز، صوبوں سے متعلقہ امور، موجودہ توانائی اور انفراسٹرکچرکے جاری منصوبوں ،آئندہ کی حکمت پر غور ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں ایل این جی، دیگر ذرائع سے بجلی پیداوار، تقسیم سے صوبوں کے اعتراضات اور سفارشات پر بھی بات ہوگی جب کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کا معاملہ بھی ایجنڈے کاحصہ ہے۔