مقبوضہ کشمیر:سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی او ر انہیں جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روکنے کی مذمت 

 
0
539

سرینگر اپریل 28(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے چیئرمین سید علی گیلانی کی گھر میں مسلسل نظر بندی اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کے گھر کے باہر تعینات پولیس نے انہیں ایک بار پھر نماز جمعہ ادا کرنے کیلئے گھر سے باہر نہیں جانے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنا نہ صرف دینی معاملات میں مداخلت ہے بلکہ یہ شخصی آزادی کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ دریں اثنا سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بند ی اور انہیں جمعہ کی نماز سے روکنے کے خلاف حریت رہنماؤں اور کارکنوں نے حیدر پورہ چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے مقبوضہ علاقے پر غیر قانونی بھارتی قبضے اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔مظاہرے میں مولوی بشیر احمد عرفانی، محمد شفیع لون، سید محمد شفیع، امتیاز احمد، گلشن عباس ، عمر عادل ڈار، سید امتیاز حیدر، نثار احمد بٹ، ظہور احمد بیگ، اشفاق احمد خان، سجاد احمد صوفی، عبدالاحد میر سجاد احمد پالہ اور دیگر شریک تھے۔