سرینگر، 29اپریل ( ٹی این ایس ): مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی پولیس کی طرف سے آزادی پسند کارکنوں کی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر حریت کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں عاشق حسین ناچور نامی ایک حریت کارکن اور دو عام نوجوانوں عاصف احمد اور اشفاق احمد کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے بے گناہ نوجوانو ں کو گرفتار کر کے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کر کے تھانوں، جیلوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچانے کا ایک اور مقصد ترقیوں اور تمغوں کا حصول ہوتا ہے ۔ انہوں نے پولیس کی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ ترجمان نے بھارتی پنجاب سے دو کشمیری طلباء شاہد ملہ اورعادل حسین تیلی کی جھوٹے مقدمات میں گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ناروا کارروائی کا مقصد طلباء کے مستقبل کو تاریک بنایا ہے۔