مقبوضہ کشمیر : لاپتہ افراد کے عزیز و اقارب کا سرینگر میں احتجاجی دھرنا

 
0
367

سرینگر ، 29اپریل ( ٹی این ایس ): مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ 28برس کے دوران لاپتہ ہونے والے کشمیریوں کے عزیز و اقارب نے سرینگر میں ایک پر امن احتجاجی دھرنا دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم ( اے پی ڈی پی) کے زیر اہتما م سرینگر کی پریس کالونی میں دیے جانے والے دھرنے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ دھرنے کے شرکانے سروں پر سفید پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر لاپتہ افراد کے نام درج تھے۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینز اور پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے ۔ دھرنے کے شرکا نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لاپتہ پیاروں کی برسہابرس سے گھر واپسی کی راہ تک رہے ہیں لیکن انہیں کچھ نہیں بتایا جا رہا کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو انکے دکھ کی کوئی پرواہ نہیں ۔ یاد رہے کہ قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ اٹھائیس برس کے دوران دس ہزار کے لگ بھگ کشمیری لاپتہ کر دیے ہیں۔