محکمہ ہیلتھ قصور کے زیر اہتمام ماں اور بچے کی بہتر صحت سے متعلق نیوٹریشن ہفتہ منانے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد 

 
0
448

قصور اپریل 30(ٹی این ایس)محکمہ ہیلتھ قصور کے زیر اہتمام ماں اور بچے کی بہتر صحت سے متعلق نیوٹریشن ہفتہ منانے کے حوالے سے ایک تقریب گزشتہ روز محکمہ ہیلتھ کے ڈی ایچ ڈی سی ہال میں منعقد ہوئی ۔ جس میں بطور مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف نے شرکت کی ۔ جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ اینڈ نیوٹریشن پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم ‘ای پی آئی انچارج ڈاکٹر محمد خالد ‘ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نذیر احمد ‘ڈی ڈی ایچ او قصور ڈاکٹر منصور ‘ممبر ضلع کونسل فیاض انجم اورلیڈی ہیلتھ سپروائزرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف نے فیتہ کاٹ کر ماں اور بچے کی بہتر صحت اور بچوں کی غذائیت سے آگاہی ہفتے کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ ماں اور بچے کی اچھی صحت کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے نیو ٹریشن ویک منانے کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کیلئے گھر گھر آگاہی فراہم کرنا ہے تا کہ بچوں کی غذائی قلت کو دوراور ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ نیوٹریشن ویک میں ضلع بھر میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر ماں اور بچوں کی غذائی کمی کی جانچ پڑتال کرینگی اور شدید غذائی قلت کے شکار بچوں میں غذائی کمی کو پورا کرنے کیلئے ان میں مفت ساشے تقسیم کئے جائینگے ۔ ڈاکٹر ثمرہ خرم نے بتایا کہ ضلع میں نیوٹریشن ویک30اپریل تا 5مئی تک منایا جا رہا ہے جس میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو وٹا منز مہیا کرینگی ۔اس ویک کو منانے کا مقصد ماں اور بچوں کی غذائی قلت کو دور کرنا اور بہتر صحت کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔