حکومت سندھ ، بلدیہ عظمیٰ کے 13 بڑے اسپتالوں کے لیے ادویات وغیرہ کی خریداری کے لیے 17 کروڑ 70 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اجراکردیا

 
0
576

 کراچی،مئی 04(ٹی این ایس): حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کے 13 بڑے اسپتالوں کے لیے ادویات وغیرہ کی خریداری کے لیے 17 کروڑ 70 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اجراکردیا ہے۔ یہ بات کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل و ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل گنانی نے” جسارت “کو بتائی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ حکومت کی گرانٹ سے اسپتالوں کے لیے ادویات کی خریداری کے کنٹریکٹس کے مراحل 2 خصوصی ٹیموں کی مدد سے مکمل کرائے گئے ہیں جس کے بعد ادویات کی خریداری کے آرڈرز جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی خریداری کے لیے اس کے معیار کو اہمیت دی گئی ہے جبکہ کرپشن سے پاک معاہدے کیے گئے ہیں۔ سینئر ڈائریکٹر میڈیکل و ہیلتھ سروسز نے بتایا کہ میئر وسیم اختر کی ہدایات پر ہیٹ اسٹروک کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی فوری امداد کے لیے تمام اسپتالوں میں خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ جہاں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وسیم اختر کی خصوصی دلچسپی سے بحریہ فاؤنڈیشن کے ملک ریاض عباسی شہید اسپتال اور سوبھراج میٹرنٹی ہوم اسپتال کی لیبارٹریوں کی تزئین آوائیش کررہے ہیں جبکہ نئی مشینیں بھی نصب کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں داخل مریضوں کو خوراک کی فراہمی نئے مالی سال سے شروع ہوجائے گی اس مقصد کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں 50 لاکھ روپے مختص کیے جار ہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں کو ادویات خوراک اور دیگر اشیافراہم کرنے والے ٹھیکیداروں کے واجبات ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا بھی ہے جبکہ حکومت کی طرف سے یہ بقایاجات کلیئر نہ کرنے پر پابندی بھی عاید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادویات ، ایکسرے فلمز اور دیگر اشیاکی خریداری کے دوران کرپشن کی اطلاعات غلط ہے۔