وزیر اعلیٰ سندھ نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، شہر میں جاری مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

 
0
353

کراچی،مئی 04(ٹی این ایس):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں جاری مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ جام خان شورو، سعید غنی، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت ساتھ تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سب سے پہلے کینٹ اسٹیشن کی سڑکوں اور بعد ازاں سب میرین انڈ پاس، گزری بلووارڈ،کورنگی میں زیر تعمیر سڑک،محمد علی سوسائٹی،شہید ملت روڈ، بہادر آباد،گلشن اقبال اور عزیز آباد کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نائن زیرو کے علاقے میں موجود

صابری نہاری پہنچنے، انہوں نے نہاری ، تکہ اور ملائی بوٹی سے لطف اٹھایا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہوٹل پر کام کرنے والے ایک ایک شخص سے ہاتھ ملایا اور اس کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ عزیز آباد کے عوام نے سیلفیاں بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کینٹ اسٹیشن کے اندر کی سڑک تعمیر ہوچکی ہے اب اس خوبصورت اور تاریخی عمارت کی تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سب میرین انڈر پاس کا معائنہ بھی کیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ انڈر پاس اگلے6 دنوں کے اندر مکمل ہوجائے گا جس پر انہوں نے کہا کہ انڈر پاس 15 مئی کو ٹریفک کے لیے کھولا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ لیاری پہنچے، انکے ہمراہ صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، جام خان شورو ،سعید غنی اور جاوید ناگوری بھی تھے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ صوبائی وزرا کے ہمراہ چائے پینے لیاری پہنچ گئے، ہوٹل کی دیوار پر ’’سیاست پر بات کرنا منع ہے‘‘ پڑھ کر وزیراعلیٰ ہنس پڑے۔