عوام نے لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو مسترد کردیا، سعید غنی

 
0
294

کراچی،6مئی(ٹی ااین ایس ): پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عوام نے لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو مسترد کردیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا سیاسی شو ناکام ہوگیا، کراچی کے عوام اب متحدہ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم صوبے بھر سے کارکنوں کو بُلا کر بھی 40 فیصد گراؤنڈ نہ بھر سکی، جلسے کے دوران کارکنوں میں کوئی جوش و خروش نہیں تھا اور لگ رہا تھا کہ ڈی ایم سی اور کے ایم سی کے ملازمین کو زبردستی لا کر بٹھایا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے جلسے کے خوف نے ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ایک کردیا، کراچی والے اب پیپلز پارٹی کو کامیاب کرائیں گے۔سعید غنی نے 12 مئی کو گلشن اقبال میں سیاسی قوت کے مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے 29 اپریل کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا جس کے جواب میں ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں ( بہادرآباد اور پی بی آئی بی گروپ) نے مشترکہ طور پر گزشتہ روز اسی مقام پر جلسہ کیا۔