وزیرداخلہ سندھ کی زیر صدارت اجلاس ، امن وامان کی صورتحال اور رمضان المبارک کے موقع پر سیکیورٹی لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

 
0
296

کراچی، مئی 10(ٹی این ایس):  کراچی وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیرصدارت کراچی پولیس آفس میں ہونیوالے ایک اجلاس میں امن وامان کی صورتحال اور رمضان المبارک کے موقع پر اختیار کردہ پولیس اقدامات اور سیکیورٹی لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری احکامات دیئے گئے۔

وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ الوداعی اجلاس ہے تاہم  پولیس رمضان المبارک کے موقع پر اور اس دوران منعقدہ دیگر تمام ایونٹس کے مواقعوں پر بھی پولیس اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار اور ٹھوس اقدامات کی بدولت امن وامان کی صورتحال پر مکمل کنٹرول کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی تاریخ شہدائے پولیس کے نمایاں کارناموں سے بھری پڑی ہے اور پاکستان میں قیام امن کی خاطر سب سے زیادہ شہادتیں بھی سندھ پولیس کے افسران اور جوانوں کی ہیں جوکہ بلاشبہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی جرات اور بہادری کا بین ثبوت ہیں۔اس موقع پر انہوں نے رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے افسران اور جوانوں کی قیام امن کی خاطر دی جانیوالی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثاء کے لیئے دی جانیوالی امدادی رقم جوکہ سال 2008میں پانچ لاکھ تھی اسے 2018 میں یعنی دس سالوں کے دوران حکومت سندھ نے بڑھاکر ایک کروڑ کردی گئی ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی،ڈی آئی جی ٹریفک کراچی،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز ایس پیز کراچی کے علاوہ ایس ایس پیز وایس پیز انویسٹی گیشن کراچی نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو رمضان المبارک 2018 کے حوالے سے ایسٹ ویسٹ اور ساؤتھ زون کی سطح پر تمام تر سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک نے بھی ٹریفک کے مجموعی اقدامات بریفنگ دی۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ شہر میں امن وامان کی صورتحال وحالات پر مکمل پولیس کنٹرول کے ضمن میں سیکیورٹی پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیئے انٹیلی جینس نیٹ ورک کو ناصرف مذید تقویت دی جائے بلکہ ہر قسم کی معلومات اور اطلاعات کو بروقت فالو کرنیکے عمل کو بھی غیرمعمولی بنایا جائے اور اس سلسلے میں قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے بھی تمام تر روابط کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زونز ڈسٹرکٹ اور تھانوں کی سطح پر دستیاب تمام مساجد امام بارگاہوں اور دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں کا از سر نو جائزہ لیکر اپ ڈیٹ کیا جائے اور متعلقہ تمام ایس ایس پیز مذکورہ مقامات کے منتظمین وعہدیداران سے شیڈول اجلاس ترتیب دیکر انکی مشاورت اور باقاعدہ تعاون سے دوران رمضان المبارک سیکیورٹی کے جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ رمضان المبارک کے حوالے سے تیار کیئے جانیوالےسیکیورٹی/ٹریفک پلان پر عمل درآمد انتہائی سخت بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام ایس ایچ اوز ودیگر متعلقہ افسران کو باقاعدہ مکتوب کے تحت پابند بھی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی مانیٹرنگ کے عمل کو دوران رمضان اور باالخصوص آخری عشرے سے ایک ہفتہ قبل ہر سطح پر مؤثر اور مربوط بنایا جائے اور اس ضمن میں مانیٹرنگ پر تعینات افسران اور جوانوں کو بھی باقاعدہ بریفنگ دی جائے کہ مساجد امام بارگاہوں نماز وتراویح کے دیگر مقامات سمیت مرکزی شاپنگ سینٹرز مارکیٹوں وغیرہ کی کیمروں سے مانیٹرنگ کے دوران ممکنہ مشکوک سرگرمی یا مشتبہ شخص کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانہ جات کو دیں تاکہ انسدادی اقدامات کو بروقت یقینی بنایا جاسکے۔