پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ 75 ہزار کے نادہندہ نکلے

 
0
398

حامد سعید کاظمی اور مولانا فضل الرحمان بھی ڈیفالٹر لسٹ میں شامل

اسلام آباد,جون 13(ٹی این ایس) انتخابات 2018 کے تحت امیدواروں کے کوائف کی اسکروٹنی جاری ہے، سابق خیبر پختونخوا پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ 75 ہزار کے نادہندہ نکلے۔تفصیلات کے مطابق سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی اسکروٹنی کے لیے اپنی رپورٹ تیار کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی میں بعض امیدوار سوئی نادرن کے ڈیفالٹرنکلے، حامد سعید کاظمی اور مولانا فضل الرحمان بھی ڈیفالٹر لسٹ میں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق 268 امیدواروں پر کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد خان آفریدی 21 کروڑ 62 لاکھ روپے کے ڈیفالٹر ہیں، خیال رہے کہ امجد آفریدی کو سینیٹ الیکشن میں بکنے پر عمران خان کی طرف سے شو کاز نوٹس بھی ملا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دل دار خان 17 کروڑ 42 لاکھ اور غلام بلور 14 کروڑ 46 لاکھ کے نادہندہ ہیں۔ الیاس احمد بلور 55 ہزار سے زائد کے ڈیفالٹر ہیں، جب کہ سردار میر بادشاہ خان 37 ہزار سے زائد کے نادہندہ ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک ہوتی گیس سی این جی کے مالک ہیں، پرویز خٹک کے نام پر ’موٹر وے اِن سی این جی‘ بھی رجسٹرڈ ہے۔گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے بھی 100 سے زائد امیدواروں کو ڈیفالٹر قرار دیا ہے، ان میں پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر اور تحریک انصاف کے فیصل واڈا بھی شامل ہیں، فیصل واڈا 37 ملین روپے کے ڈیفالٹر نکلے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل سے شروع کردی ہے، جانچ پڑتال 19 جون تک جاری رہے گی۔