ورلڈ کپ فٹ بال ٗپرتگال ٗیوراگوئے کامیاب، مراکش، سعودی عرب ایونٹ سے باہر

 
0
338

ماسکو21جون(ٹی این ایس)پرتگال نے شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث اور یوراگوئے نے سواریز کے گول کی بدولت بالترتیب مراکش اور سعودی عرب کو 1۔0 سے شکست دیکر ورلڈ کپ سے باہر کردیا ۔تفصیلات کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو کے لوزھنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اہم میچ میں رونالڈو نے اپنی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے میچ کے ابتدائی لمحات میں گول کرکے پرتگال کو گروپ کی سرفہرست ٹیم بنا دیا۔مراکش اس شکست کے ساتھ ہی عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔یاد رہے کہ پرتگال نے اپنے پہلے میچ میں رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باعث اسپین کے خلاف میچ کو برابر کرتے ہوئے ایک پوائنٹ حاصل کیا تھا۔مراکش کو پہلے میچ میں ایران سے ایک گول کی شکست ہوئی تھی تاہم ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور آخری لمحات میں اپنی غلطی کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دوسرے میچ میں یوراگوئے نے لوئس سواریز کے گول کے باعث سعودی عرب کو 0۔1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔یوراگوئے نے پہلے میچ میں مصر کو 0۔1 سے شکست دے کر تین پوائنٹس حاصل کرلیے اور مسلسل دوسری کامیابی کے بعد پوائنٹس کی تعداد 6 کر دی تاہم بہترین کارکردگی کے باعث میزبان روس سرفہرست ہے۔لوئس سواریز نے میچ کے 23 ویں منٹ میں سعودی عرب کے خلاف گول کر کے ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچا دیا۔