پیرس مارچ 10(ٹی این ایس)فرانسیسی صدرمیکرون نے کہاہے کہ فرانس یورپ کا دروازہ ہے، اور ہم یورپ میں بھارت کے بہترین شراکت دار بننا چاہتے ہیں جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے کہاہے کہ فرانسیسی صدرمیکرون کے دورے سے انڈیا اور فرانس کے درمیان دفاعی شراکت داری کو بڑی تقویت ملے گی،بھارتی ٹی وی کے مطابق فرانس کے صدر امانوئل میکخواں بھارت کے چار روزہ دورے پرنئی دہلی پہنچ گئے ،یہ ان کا 2017 میں فرانس کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے۔بھارت کے وزیرِ اعظم مودی نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میکرون کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا اور اپنے روایتی انداز میں ان سے بغل گیر ہوئے۔انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ انڈیا میں خوش آمدید صدر میکرون۔ آپ کے دورے سے انڈیا اور فرانس کے درمیان دفاعی شراکت داری کو بڑی تقویت ملے گی۔دونوں ملک بحرِ ہند میں بھی تعاون بڑھانے پر غور کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں دونوں کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ متوقع ہے۔میکرون نے نئی دہلی میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرانس یورپ کا دروازہ ہے، اور ہم یورپ میں انڈیا کے بہترین شراکت دار بننا چاہتے ہیں۔