بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی ڈی بریفنگ مکمل، ڈی بریفنگ مکمل ہونے کے بعد بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چھُٹی پر بھیج دیا گیا

 
0
337

نئی دہلی مارچ 14 (ٹی این ایس): بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی ڈی بریفنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی ڈی بریفنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ ابھی نندن سے ایجنسیوں نے ڈی بریفنگ لی۔ جس کے بعد ابھی نندن کو چھُٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابھی نندن کو ڈاکٹرز کے مشورے پر چھُٹی پر بھیجا گیا۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔ پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔لیکن جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔جمعہ کے روز یکم مارچ کو بھارتی پائلٹ ابھینندن کو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ بھارت منتقلی کے بعد بھارتی پائلٹ ابھینندن کو آرمی کےاسپتال منتقل کرد یا گیا جہاں اُس کا تفصیلی ایم آر آئی اور سٹی اسکین کروایا گیا۔ابھی نندن سے پاکستان میں گزارے وقت کے حوالےسے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو انٹیلی جنس بیورو لے جایا گیا جہاں اس کا میڈیکل اور نفسیاتی معائنہ بھی کیا گیا۔بھارت کے لیے جو پائلٹ ہیرو تھا ، بھارتی حدود میں قدم رکھتے ہی زیرو ہو گیا۔ بھارتی حکام اپنے ہی پائلٹ کو شک کی نگاہ سے دیکھنے لگے۔ ایک طرف جہاں ابھینندن کے دوبارہ پرواز کرنے کو میڈیکل س مشروط کیا جا رہا ہے وہیں دوسری جانب بھارتی حکام ونگ کمانڈر ابھینندن کو ناکام فضائی آپریشن کرنے، طیارہ تباہ کروانے، پاک فوج کی زیر حراست رہنے اور پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کی وجہ سے وطن واپس آنے والے پائلٹ کو ہیرو بنا کر پیش کرنے پر بضد ہیں۔یکم مارچ کو بھارت واپس جانے والے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی ڈی بریفنگ آج مکمل ہوئی جس کے بعد اسے چھُٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔