گڈانی :  خواتین اور  بچوں سمیت چھ افراد ڈوب کر جاں بحق

 
0
595

کراچی، جون 23 (ٹی این ایس):  پکنک منانے کے لیے گڈانی جانے والے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چارخواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔

جاں بحق افراد کی میتیں سول اسپتال گڈانی منتقل کردی گئی ہیں۔ ایدھی سمیت دیگر امدادی اداروں کے غوطہ خور ڈوبنے والے دو دیگربچوں کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں انھیں تیز لہروں کے  باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈوبنے والی خواتین اور بچی ماسٹر ستار اوربھائی ابوبکر کے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔  متاثرہ خواتین جونا مسجد آگرہ تاج کالونی کچھی پاڑہ لیاری کی رہائشی تھیں۔

جاں بحق ہونے والی خواتین دو بچوں کے ہمراہ جمعہ کی صبح پکنگ منانے لسبیلہ کے ساحلی علاقہ گڈانی گئی تھیں۔ سول اسپتال گڈانی میں موجود نعشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

ہاکس بے پر عیسیٰ نگری کے رہائشی 55 سالہ دلدار اور21 سالہ ایزک مسیح بھی پکنک منانے کے دوران ڈوب گئے لیکن خوش قسمتی سے ایک کو امدادی ٹیموں نے بچالیا جبکہ دوسرا جان کی بازی ہارگیا۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے سمندر کی موجوں میں ممکنہ طغیانی کے باعث نہانے پر پابندی عائد تھی۔ اس مقصد کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔

حسب معمول مقامی انتظامیہ جون اورجولائی میں متوقع تیز لہروں کے باعث سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردیتی ہے لیکن ہمیشہ اس پہ عملدرآمد میں ناکام رہتی ہے۔ اس ناکامی کے باعث ہرسال سمندر میں نہانے کے شوقین افراد کے ڈوبنے کے متعدد واقعات رونما ہوتے ہیں۔

ساحل پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہ تو مکمل حفاظتی انتظامات کیے جاتے ہیں اورنہ ہی انتباہی بورڈ آویزاں ہوتے ہیں۔