زمبابوین صدر کی ریلی میں دھماکا،تین افرادہلاک،26زخمی،ایمرسن محفوظ رہے

 
0
421

دھماکہ وی وی آئی پی لاونج کے انتہائی قریب ہوا،حملے میں صدرکوقتل کرنے کی کوشش کی گئی،زمبابوین میڈیا
ہرارے جون24(ٹی این ایس)زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا کی ریلی میں دھماکے سے تین افرادہلاک جبکہ 26زخمی ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکمران پارٹی زانو پی ایف کے ترجمان نے بتایا کہ صدر ایمرسن منانگاگوا محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔زمبابوے کے دوسرے سب سے بڑے شہر بولا وایو میں منعقدہ ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ طور پر یہ ایک دھماکا تھا، جو یقینی طور پر وی وی آئی پی لاونج کے انتہائی قریب ہوا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا علم نہیں ہو سکا ہے۔زمبابوے کے سرکاری ٹیلی وڑن پر نشر کیے گئے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد ایک کھلبلی مچ گئی اور امدادی کارکن لوگوں کو ابتدائی طبی امداد دینے میں کس طرح مصروف ہیں۔ صدر ایمرسن تیس جولائی کے الیکشن کی مہم کے دوران بولا وایو کے وائٹ سٹی اسٹیڈیم میں منعقدہ اس ریلی میں شریک ہوئے تھے۔زمبابوے کے میڈیا کے مطابق اس دھماکے کی وجہ سے حکمران پارٹی زانو پی ایف کے کچھ سنیئر ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ دراصل ایک حملہ تھا، جس میں صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔