مختلف سیاسی جماعتیں آج سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گی

 
0
327

اسلام آباد،جون24(ٹی این ایس )مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں آج مختلف شہروں میں جلسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی مہم کا آغاز میانوالی میں جلسے سے کیا جائے گا جہاں چیئرمین عمران خان سمیت دیگر پارٹی قائدین کارکنان سے خطاب کریں گے۔ اس حوالے سے عمران خان کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنے انتخابی مہم کا آغاز میانوالی سے کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اگر میانوالی کے عوام انہیں 2002 کے انتخابات میں کامیاب نہ کراتے تو وہ آج سیاست میں نہ ہوتے۔دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی جانب سے پشاور کے رنگ روڈ پر جلسے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے مولانا فضل الرحمان، سراج الحق اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) 25 جون سے کراچی سے انتخابی مہم شروع کرے گی جس کے لیے پارٹی کے صدر شہباز شریف دو روزہ دورے پر کراچی جائیں گے۔