پاکستان آزمائشوں کے دور سے نکل کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گیا ہے، صدر مملکت ممنون حسین

 
0
408

لاہور جولائی 19(ٹی این ایس) ۔ : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان آزمائشوں کے دور سے نکل کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گیا ہے، ترقی کی رفتار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ قوم کا ہر فرد خاص طور پر سرکاری انتظامیہ پورے جوش و جذبے کے ساتھ کام کرے۔ یہ بات انہوں نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں 106 ویں نیشنل مینجمنٹ اور 21 ویں سینئر مینجمنٹ کورسز کے شرکاء میں تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدر مملکت نے کہا کہ دنیا میں صرف وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کے افراد اور ذمہ داران قومی امور کے سلسلے میں زندگی کے ہر مرحلے پر پرعزم اور متحرک رہ کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتے ہیں۔

قومی زندگی کے کسی مرحلے پر اگر کار ِسرکار کی انجام دہی اور عوامی خدمات کی ادائیگی کے دوران یہ کیفیات سرد پڑتی ہوئی محسوس ہوں تو سمجھ لینا چاہئے کہ معاملات زوال کا شکار ہیں جن سے بچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجوں سے برسرپیکار رہنے والی قومیں ہی اقوام عالم میں اپنا مثبت نقش ثبت کرسکتی ہیں۔ پاکستانی قوم گزشتہ ستر برس کے دوران مختلف چیلنجوں سے نبردآزما رہی ہے اور اب الله کے فضل و کرم سے ان قربانیوں کا پھل حاصل کرنے کا وقت آپہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر اور فعالیت کے مراحل اسی جوش وجذبے کے متقاضی ہیں جو قیام پاکستان کے بعد استحکام پاکستان کی جدوجہد کے زمانے میں دیکھا گیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وطنِ عزیز کے دردمند فرزند کی حیثیت سے سرکاری مشینری اور قوم کا ہر فرد اپنے دل سے یہ جذبہ کبھی ماند نہیں پڑنے دے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ افراد ملت اور ذمہ دارانِ ریاست کے دلوں میں اگر یہ جذبہ ہمہ وقت برقرار رہے تو پھر کسی کو آئین کی پاسداری کے لئے دہائی نہیں دینا پڑتی اور نہ عوام کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں نے انہیں حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے جس ملک کی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ان سنہری اصولوں کی پاسداری کرے، اس کی ترقی کی راہ میں کبھی کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔

ملازمت کے مختلف مراحل پر کارپردازانِ ریاست کی تربیت کے لئے ایسے کورسز کے انعقاد کی حکمت بھی یہی ہے۔ صدرمملکت نے اس موقع پر کورسز مکمل کرنے والے افسروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جبکہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے ریکٹر عظمت علی رانجھا نے بھی خطاب کیا