لاہور جون 29(ٹی این ایس) نیب کی جانب سے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔
احد چیمہ کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے، جس میں آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ سکیم میں کی جانے والی کرپشن کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ احد چیمہ پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طریقے سے نہ صرف جائیداد یں بنائیں بلکہ پیراگون سٹی کو غیر قانونی ٹھیکوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ نیب کی جانب سے اس ریفرنس میں احد چیمہ کے خلاف ایک ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ان سے حاصل ہونے والی معلومات کے بل بوتے پر نہ صرف مختلف لیپ ٹاپس سے اہم ڈیٹا حاصل کیا بلکہ اہم گرفتاریاں بھی کیں۔ مختلف چھاپوں کے ذریعے تمام ثبوت حاصل کرنے کے بعد تین روز قبل چیئرمین نیب نے احد چیمہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی۔