پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں کا بلے کے مقابلے پر بلے باز کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ

 
0
12972

اسلام آباد، جون  30 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماؤں نے بلے کے مقابلے پر بلے باز کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی کے انتخابی ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والے رہنماؤں و کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف (نظریاتی) کے نام سے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کے تحت پی ٹی آئی (ن) کا انتخابی نشان بلے باز ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی (ن) اختر اقبال کے مطابق عمران خان سے ناراض مزید آٹھ انتخابی امیدواروں کو ٹکٹ دے دیے گئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ آج (بروز جمعہ) مزید 20 انتخابی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔اختراقبال کا دعویٰ ہے کہ اب تک ان کے انتخابی امیدواروں کی تعداد 42 ہوچکی ہے، پی ٹی آئی نظریاتی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے مقابلے پر بھی ڈاکٹر اظہر کو انتخابی ٹکٹ جاری کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (نظریاتی) نے اٹک این اے 55 پر تیمور اسلم کو ٹکٹ دیا ہے جن کے مدمقابل طاہر صادق ہیں۔ گجرات این اے 69 پہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا مقابلہ افضل گوندل کریں گے۔این اے 78 ناروال میں ممتاز گلوکار ابرارالحق کے مدمقابل رانا لعل بادشاہ ہوں گے جو پی ٹی آئی کے سابق ضلعی صدر بھی ہیں۔ این اے 140 سے رانا فیصل حیات کو نظریاتی نے ٹکٹ دیا ہے جن کا انتخابی مقابلہ طالب نکئی سے ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے پی پی 17 کی نشست کے لیے امیدوار فیاض الحسن چوہان ہیں، ان کے مدمقابل نظریاتی کے نصراللہ خان ہوں گے ۔چیئرمین پی ٹی آئی (ن) اختراقبال کے مطابق وہ عمران خان اورپی ٹی آئی سے ناراض ہونے والے کارکنوں کو مایوسی سے بچانا چاہتے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے منحرف ہو کرآنے والے لوٹوں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔