’الیکشن میں روایتی نشستوں پر کامیابی کے ساتھ خوشگوار حیرت کے تحفے دینگے‘

 
0
320

فاروق ستار کی سٹی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو
کراچی جون 30 (ٹی این ایس)ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے دعویٰ کیا ہےکہ عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے نہ صرف روایتی نشستیں جیتیں گے بلکہ خوشگوار حیرتوں کے تحفے بھی دیں گے۔کراچی کی سٹی کورٹ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی 60 سے 70 فیصد ریونیو دیتا ہے اور 2 فیصد کراچی کو وفاق سےملتا ہے، کیا سیاسی رہنما پنجاب اور کے پی کے بجٹ سے کراچی اور سندھ کو جائز حصہ دیں گے؟ عمران خان اور شہبازشریف کہیں کراچی کو مرکز سے وسائل دیں گے، تب یہاں کے عوام انہیں ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو صحیح نہیں گنا گیا، شہر میں دوبارہ مردم شماری ہونی چاہیے اور شہریوں کو حقوق ملنے چاہئیں، کراچی میں قومی اسمبلی کی 21 کی بجائے 40 اور صوبائی کی 40 کی بجائے 80 نشستیں ہونی چاہئیں۔اس موقع پر فاروق ستار نے ایک شعربھی پڑھا۔۔
کسی کے حکم پہ نہ ہرگز ناچے گی نہ ناچی ہے۔
اسی لیے تو کہتے ہیں کراچی پھر کراچی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میں تو اب بھی الیکشن لڑنے سے منع کررہا ہوں، رابطہ کمیٹی کو بھی کہا ہے لیکن کارکنان کی بڑی تعداد الیکشن لڑنے کا کہہ رہی ہے، رابطہ کمیٹی اور خالد مقبول کہتےہیں آپ کو لڑنا ہے، آپ کے بغیر ہماری پارلیمانی ٹیم مکمل نہیں۔
ایم کیوایم رہنما نے کہا کہ میں خوشی سے الیکشن نہیں لڑوں گا، میرا ذاتی فیصلہ عوام اور کارکنان کے سامنے ہے، رابطہ کمیٹی کا فیصلہ اس کے باوجود ہے، رابطہ کمیٹی نے کہا ہےکہ پتنگ کے لیے اور الیکشن میں جان ڈالنے کے لیے آپ کا برانڈ ہونا ضروری ہے، اس پر سرتسلیم خم کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار کا کہنا تھاکہ پارٹی کا کپتان میں ہوں لیکن سلیکٹر کوئی اور ہے، ٹکٹوں کی سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں، خالد مقبول اور ابطہ کمیٹی نے امیدواروں کا انتخاب کیا، میرے ساتھ جو لوگ تھے ان کی لسٹ دیدی، اب کتنے سلیکٹ ہوئے یا نہیں ہوئے اس کا نہیں پتا۔
فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ہم نہ صرف اپنی ساری روایتی سیٹوں پر بھرپور کامیابی حاصل کریں گے بلکہ باقی سیٹوں پر بھی خوشگوار حیرتوں کے تحفے دینگے، ہماری مہم سب سے آخر میں شروع ہوتی ہے لیکن استقامت، استقلال اور ثابت قدمی کے ساتھ کام کرتے ہیں، ہمیں پتا ہے ہمارا ووٹر منظم ہے۔گزشتہ روز میمن مسجد میں پیش آئے واقعے پر ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھاکہ عوامی اجتماعات میں اگر کیمرے ہیں تو شعور نظر آئیگا، ورنہ یہ ہر الیکشن میں ہوتا ہے، میڈیا کی وجہ سے عوام کو لگ رہا ہے کہ ہ پہلی بار ہورہا ہے، جب بھی الیکشن کےلیے جاتے ہیں لوگ مسائل بتاتے ہیں۔