مسلم لیگ میرے خون میں شامل ہے ،میری ٹانگ اندر سے کھینچی گئی ،چوہدری نثار علی خان 

 
0
329

مسلم لیگ ن میں اْن لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جنہوں نے نواز شریف کو گالیاں دیں،میڈیا سے گفتگو /خطاب
ٹیکسلا،جولائی 02 (ٹی این ایس): سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ مسلم لیگ میرے خون میں شامل ہے ٗ میری ٹانگ اندر سے کھینچی گئی۔ٹیکسلا میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں تنہا ہوں میری کوئی برادری نہیں تاہم یہ اللہ کا کرم ہے کہ میں نے کامیاب سیاست کی اور پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جو 8 دفعہ مسلسل ایم این اے بنا لیکن لوگ میرے چہرے سے تنگ نہیں آئے، ایسا کوئی کام نہیں کیا جس پرشرمندگی ہو یا مجھے ووٹ دینے والے شرمندہ ہوں، میں نے بطور وزیر داخلہ جو کام کیا ایمان اور ضمیر کے مطابق کیا۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اللہ نے مجھے سچ بات کرنے کی طاقت دی ہے، سینے پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں جھوٹ نہیں بولتا، منافقت نہیں کرتا، وفاداریاں بھی نبھاتا ہوں اور مخالفتیں بھی نبھاتا ہوں اور کسی سے ہچکچاتا نہیں، کبھی کسی مخالف کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کی، مسلم لیگ میرے خون میں شامل ہے لیکن میری ٹانگ اندر سے کھینچی گئی۔سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ پارٹی میں شامل لوگوں سے پوچھا جائے کہ وہ مجھ سے دشمنی کیوں کررہے ہیں، نوازشریف بتائیں میں نے ان کے ساتھ کون سی بے وفائی کی، ماضی میں جنہوں نے نوازشریف کو گا لیاں دی آج انہیں ہی پارٹی ٹکٹیں دی گئیں، میں نے کون سے ایسے بیا ن دئیے اور میں کب پارٹی کے ساتھ کھڑا نہیں رہا ، میں نے صرف یہ کہا کہ عدلیہ اور فوج سے مت لڑو اور میرے بیان کو بتنگڑ بنا دیا گیا ، میں ایک ہی راستہ لیتا ہوں اور میں نے اپنا راستہ لے لیا ہے آج کہتے ہیں نثار اکیلا ہے تاہم میں کہتا ہوں کہ میرے لیے اللہ کافی ہے۔چوہدری نثار علی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں (ن) لیگ کی لیڈرشپ نے اسلام کے ساتھ جو کیا اور ناموسِ رسالت پر جو بہت بڑا حملہ ہوا اگر نواز شریف کا چہیتا چیلنج کرے تو بتاؤں گا۔قبل ازیں اسلام آباد میں مجلس العلماء اسلام پاکستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ مسلم لیگ اسلام پسندوں اور دائیں بازو کی جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ میری قومی اسمبلی کی سیاست کا آغاز 1985میں ہوا اور بطور ممبر اسمبلی جو کام کیا اپنے ضمیر کے مطابق کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر شرمندہ ہوں ٗاپنی سیاست اللہ اور اس کے رسول کے احکامات پر ڈھا لی ہے۔سابق وزیر نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ میں جو تقریر کی وہ بھی ریکارڈ پر ہے، میں نے کہا کہ مسلمان دہشتگرد نہیں بلکہ سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ہیں۔چوہدری نثار علی نے کہا کہ میں نے یو این میں کہا کہ دہشت گردی کی صورتحال نہیں بدلیگی جب تک مغرب اپنی سوچ نہیں بدلیگا۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس بات پر اطمینان ہے کہ میں نے ایمان پر کبھی سودا نہیں کیا، آئندہ بھی اقتدار ملا تو اسلام پسند قوتوں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کے قائد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنی میں نے نہیں بلکہ نواز شریف نے میرے ساتھ کی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں اْن لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے جنہوں نے نواز شریف کو گالیاں دیں۔انہوں نے کہاکہ اب میں اپنا راستہ لے چکا ہوں اور واپسی کی کوئی گنجائش باقی نہیں ہے، میں نے نواز شریف کے ساتھ کوئی بے وفائی نہیں کی اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا بس اتنا کہا کہ عدلیہ اور فوج سے محاذ آرائی نہ کریں۔