ہجوم سے نکل کر ایک شخص نے اینکر ماریا گومز کودبوچااور بوسہ لینے کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگیا
ماسکو04جولائی(ٹی این ایس)روس میں فٹ بال عالمی کپ کے دوران میں خواتین میڈیا اینکرز کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جنسی ہراسیت کے تازہ واقعے میں ماسکو میں ایک تماشائی نے ہسپانوی خاتون اینکر کو نشانہ بنایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماریا گومز ہسپانیہ اور روس کے درمیان میچ سے قبل کیمرے کے سامنے براہ راست گفتگو کر رہی تھیں۔اس دوران ایک تماشائی نے اچانک ماریا پر دھاوا بول کر بوسہ لے لیا۔ہسپانوی خاتون اینکر نے اس واقعے کا وڈیو کلپ ٹویٹر پر شیئر کیا جہاں اْس کے فالوورز کی تعداد 4 لاکھ کے قریب ہے۔ماریا نے ٹویٹر پر سنجیدگی سے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اس طرح تنگ کیا جانا کوئی مذاق نہیں ہے۔ دھاوا بولنے والے شخص نے ماریا گومز کو بوسہ لینے کے لیے دبوچا تو اس نے فوری طور پر اسے خود سے دْور کرنے کی کوشش کی۔ مذکورہ شخص کے اس نازیبا حرکت کے بعد فرار ہونے سے قبل ماریا نے اپنے ردّ عمل میں پوچھا تم کیا کر رہے ہو، کیا تم سنجیدہ ہو؟۔ماریا کے مطابق وہ اس نوعیت کے موقف کو مذاق خیال نہیں کرتی ہیں اور قطعی طور پر اسے فطری شمار نہیں کرتی ہیں۔روس میں عالمی کپ کے کے میچوں کے دوران میں سویڈن، برازیل اور کولمبیا کی خواتین اینکروں کے ساتھ اس طرح کے نازیبا واقعات پیش آچکے ہیں۔