سعودی آڈٹ بیورو آٹھ ارب ریال کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے میں کامیاب

 
0
284

مملکت میں مالی بے ضابطگیوں کے دوران حاصل آٹھ ارب تیس کروڑ ریال کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی،رپورٹ 
الریاض 05جولائی(ٹی این ایس)سعودی عرب کے جنرل آڈٹ بیورو نے غیر قانونی طریقے سے حاصل کردہ رقوم کی مانیٹرنگ اور رقوم کی قومی خزانے میں واپسی کے عمل میں 8 ارب 30 کروڑ ریال کی رقم قومی خزانے میں جمع کرا دی ہے۔مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مملکت میں مالی بے ضابطگیوں کے دوران حاصل کی گئی آٹھ ارب تیس کروڑ ریال کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی۔ آڈٹ بیورو کو تحقیقات کے دوران پتا چلا تھا کہ بعض افراد اور اداروں کی طرف سے غیر مجاز طریقے سے رقوم حاصل کی گئی ہیں اور انہوں نے قانون کے تحت ان کا آڈٹ کرایا اور نہ رقوم قومی خزانے میں جمع کرائیں۔خیال رہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے جنرل آڈٹ بیورو کے 353 ملازمین کی پیشہ وارانہ خدمات اور لوٹی دولت قومی خزانے میں جمع کرانے پر ایک کروڑ ریال کی رقم تقسیم کرنے کی منظوری دی تھی۔سعودی آڈٹ بیورو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے لوٹی گئی دولت اورغیر قانونی طریقے سے کمائے گئے مال کی نشاندہی کے بعد انہیں قومی خزانے میں جمع کرانے کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔