آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی قائمقام صدرصادق سنجرانی سے ملاقات ، سالانہ آڈٹ رپورٹ پیش کی 

 
0
360

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ٹیم کرپشن کے خاتمے اور معاملات میں شفافیت لانے کیلئے جس طرح اقدامات اٹھا رہی ہے وہ قابل تعریف ہے،صادق سنجرانی
اسلام آباد جولائی 10(ٹی این ایس) آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قائمقام صدر پاکستان محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کے دوران انہیں سالانہ آڈٹ رپورٹ پیش کی ۔ قائمقام صدر نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ٹیم کرپشن کے خاتمے اور معاملات میں شفافیت لانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ان اقدامات سے کرپشن کا نہ صرف خاتمہ ہوگا بلکہ ملک کو اربوں روپے کے نقصان سے بھی چھٹکارا ملے گا اور قومی خزانہ ترقیاتی منصوبوں پر صرف کرنے سے قومی اثاثوں میں اضافہ ہوگا۔ جاوید جہانگیر نے قائمقام صدر کو آگاہ کیا کہ موجودہ مالی سال میں ادارے نے 106 ارب روپے ریکور کیے ہیں اور قائمقام صدر کو یقین دلایا گیا کہ مالی معاملات اور منصوبہ جات کا مزید تفصیل سے جائزہ لیا جائے گاتاکہ معاملات میں زیادہ سے زیادہ شفافت لائی جا سکے اور اداروں کو صحیح سمت میں متحرک کیا جا سکے ۔