اسلام آباد جولائی 12(ٹی این ایس)سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف نیب میں درخواست جمع کر ا دی گئی جس میں ان پر اختیارات کا غلط استعمال اور اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔
سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف نیب میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق انہوں نے ایف 7اور ای 11میں جائیدادیں خریدیں جبکہ ان پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب کی مد میں 15لاکھ روپے کک بیکس لینے کا الزام بھی ہے ۔
مریم اورنگ زیب نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ن لیگ کے خصوصی نغمے بنانے کے لئے پی ٹی وی کے وسائل استعمال کئے اور ن لیگ کے سوشل میڈیا کے لوگوں کو پی ٹی وی میں بھرتی بھی کرایا جبکہ، ن لیگ سوشل میڈیا کے 21بندوں کو پیمرا میں لگانے کی کوشش بھی کی گئی۔
درخواست کے مطابق انہوں نے اشتہاری مہم میں کمپنیوں سے ذاتی مالی مفاد لئے اور سرکاری رہائش گا ہ پر بجٹ سے زیادہ 4ملین خرچ کئے جبکہ مریم نواز کی زبانی ہدایت پر مریم اورنگ زیب پر اشتہار چلانے کا الزام بھی ہے اور ان کی بدانتظامی کی وجہ سے پی ٹی وی کے350ملازمین ریٹائر منٹ سے فائدہ نہ اٹھا سکے ۔