ایف آئی اے میں او ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار کا انکشاف،ڈی جی ایف آئی اے کے او ٹی ایس سے تعلق کے بارے میں افسران کا جواب دینے سے گریز

 
0
648

اسلام آباد جولائی 19 (ٹی این ایس)ایف آئی اے میں اوپن ٹیسٹنگ سروس(او ٹی ایس) کے ذریعے بھرتیوں میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار کا انکشاف ہوا ہے،ڈی جی ایف آئی اےکی من پسند کمپنی او ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ دینے والے امیدوار رل گئے،ایف آئی اے افسران مبینہ طور پر ڈی جی ایف آئی اے کے او ٹی ایس سے تعلق کے بارے میں جواب دینے میں ٹال مٹول کرنے لگے۔اس ضمن میں متعدد متاثرہ امیدواروں نے ڈی جی ایف آئی اے کو درخواستیں دیں ،جس میں انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ 18 فروری کو ایف آئی اے کی جانب سے ملک بھر میں مختلف آسامیوں میں بھرتیوں کے لیے اشتہار دیا گیا جس کی ریکروٹمنٹ ٹیسٹ کی ذمہ داری او ٹی ایس کے حوالے کی گئی کچھ عرصہ کاغذات اور درخواست فارمز کی چھان بین کے بعد او ٹی ایس کی ویب سائٹ پر مختلف جواز پیش کر کے کافی امیدواروں کے درخواست فارم مسترد کر دئے گئے اس ضمن میں او ٹی ایس کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن شکایت پورٹل پرکئی امیدوارں نے متعدد بار شکایت کی لیکن او ٹی ایس کی جانب سے اعتراضات درست نہیں کئے گئے۔بعد ازاں مذکورہ شکایت کنندگان کرنے بحریہ ٹاون فیز 6 میں او ٹی ایس کے دفتر آئے تو او ٹی ایس ملازمین نے ان امیدواروں سے رشوت وصول کی اور ان امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا کہ او ٹی ایس کا تعلق براہ راست ڈی جی ایف آئی اے سے ہے اگر آپ لوگوں نے ہماری بات نہ مانی تو آپ کبھی بھی ایف آئی اے کے امتحان میں نہیں بیٹھ سکو گے۔متاثرہ امیدواروں نے اس معاملے سے ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ ایف آئی اے کو درخواستیں دی لیکن انہوں نے اس پر کوئی کاروائی نہیں کی متاثرین نے ڈی جی ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ او ٹی ایس کے خلاف بدعنوانی اور دھوکہ دہی کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ اوٹی ایس کے تحت ہونے والے پیپر میں بڑے پیمانے پر نقل کا بھی انکشاف ہوا ہے ایف آئی اے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی بھرتی کا ٹیسٹ لیا گیا دوران ٹیسٹ امیدواروں کی جانب سے موبائل فون کے ذریعے سوالنامے کی کاپی بھیجی گئی سوشل سروس وٹس ایپ کے ذریعے جوابات بھی آتے رہے او ٹی ایس کے تحت پیپر میں ایم سی کیوز کو سوالنامے پر ہی حل کیا جاتا ہے او ٹی ایس کے تحت ہونے والے اس امتحان کی شفافیت پر سوالات پیدا ہو گئے ہیں او ٹی ایس این ٹی ایس کی طرز پر بننے والا نیا ادارہ ہے۔جب اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کا موقف لینے کے لئے ان سے رابطہ کیا گیا تو ان کے سٹاف افسر نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے بیرون ملک دورے پر ہیں اور اس حوالے سے ڈائریکٹر ایڈمن موقف دیں گے،جب ان سے رابطہ کیا گیا تو وہ اس معاملے کو ڈی جی ایف آئی اے کے دفتر پر ڈالتے رہے تاہم ایف آئی اے کے کسی افسر نے بھی اس کا جواب نہیں دیا۔او ٹی ایس کے ٹیلی فون نمبروں پر اس حوالے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم او ٹی ایس کی انتظامیہ نے فون نہیں سنا۔